بنگلورو،27؍مارچ (ایس او نیوز) سکینڈری اسکول لیونگ سرٹی فکیٹ (ایس ایس ایل سی) امتحان کی تیاری کررہے طلبا کو اس وقت کافی پریشانی ہوئی جب ان میں سے کچھ کوامتحانات کا”تازہ ٹائم ٹیبل“ دستیاب ہوا۔ لیکن بعدمیں وہ جعلی ثابت ہوا۔
یادرہے کہ کورونا وائرس کووڈ۔19کی وباء پھیلنے کی وجہ سے دسویں جماعت کے یہ امتحانات حال ہی میں ملتوی کردیئے گئے تھے۔ لیکن مختلف سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس پر نئے ٹائم ٹیبل کے نام سے اسے پھیلایا گیا۔ اس پر کرناٹک سکینڈری ایجوکیشن ایکزا منیشن بورڈ (کے ایس ای ای بی) کواس سلسلہ میں وضاحت کرنی پڑی۔
محکمہ کی جانب سے جاری اس وضاحت میں کہاگیاہے۔ جس ٹائم ٹیبل کو پھیلایاگیاہے وہ جعلی ہے۔ بورڈ نے ابھی کوئی نیاٹائم ٹیبل تیارہی نہیں کیاہے۔ طلبا اوروالدین کو چاہئے کہ وہ اس طرح کے جعلی پیغامات کاشکار نہ ہوں۔ انہیں بورڈ کی طرف سے سرکاری طورپر کئے جانے والے اعلان کاانتظار کرناچاہئے۔